ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیا سرکار لاک ڈاؤن نرم کر کے رسک لے رہی ہے؟

کیا سرکار لاک ڈاؤن نرم کر کے رسک لے رہی ہے؟

Tue, 26 May 2020 16:35:02    S.O. News Service

ایک طرف ہندوستان میں لاک ڈاؤن بتدریج کھل رہا ہے تو دوسری طرف کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں بدستور اضافہ ہورہا ہے۔ وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس لحاظ سے ہندوستان نے چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جہاں سے وائرس کی ابتداء ہوئی تھی۔ لاک ڈاؤن میں نرمی اور کاروبار زندگی بحال کرنے کے فیصلے کا یہ قطعی مطلب نہیں ہے کہ کورونا وائرس کا خطرہ ٹل گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ صحیح تصویر جون یا جولائی میں سامنے آئے گی۔ کوئی یہ بتانے کی پوزیشن میں نہیں ہے کہ یعنی Peakعروج کب آئے گااور یہ وائرس ہندوستان میں کتنی زندگیوں کو اپنے ساتھ لے جائے گا۔حکومت نے ریلوے سروس کو جزوی طور پر بحال کرنے کے بعد خانگی ہوائی سروس کو جزوی طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے ابتداء میں وائرس کو روکنے کے لئے جس قسم کی سخت دکھائی اب وہ نظر نہیں آرہی ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران معشیت چرمراگئی ہے اور معاشی بحالی کے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔

اب جبکہ ماہرین کہہ رہے کہ کچھ عرصے تک وائرس کے ساتھ جینے کے گُر سیکھ لینے چاہئیں، سرکار رسک لینے کے موڈ میں نظر آرہی ہے۔ ظاہر ہے کہ مسلسل لاک ڈاؤن کے ذریعے معیشت کوپوری طرح تباہ نہیں کیا جاسکتا۔ صورتحال یہ ہے کہ ریاستی سرکاروں کے پاس اب اپنے ملازمین کو تنخواہیں دینے کے لئے بھی پیسے نہیں رہ گئے ہیں۔ جس طرح کے ملک کے مختلف شہروں سے لاکھ مہاجر مزدوروں نے بھوکے پیاسے اپنے اپنے گھروں کی طرف کوچ کیا ہے ان کے مناظر نے سرکار کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور قومی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ شاید پہلی بار سرکاروں کو اس بات کا ادراک ہوا ہے کہ امریکہ اور یوروپ جیسے ترقی یافتہ ملکوں میں لاک ڈاؤن کرنا آسان ہے مگر ہندوستان جیسے ایک غریب ملک میں نہیں۔ ہندوستان کے حکمرانوں نے شاید ہندوستان کو بھی امریکہ یا یوروپ سمجھنے کی غلطی کی جس کے بھیانک نتائج بر آمد ہوئے ہیں۔ اس بات سے قطع نظر کہ آگے چل کر حکومت وائرس پر قابو پانے میں کس حد تک کامیاب ہوتی ہے، سرکار پر عوام کا اعتماد ضرور متزلزل ہواہے۔


Share: